• news

راولپنڈی واقعہ کے 28 ملزموں کی نشاندہی ہو گئی، کڑی سزائیں دینگے: رانا ثناء

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر قانون  پنجاب  رانا ثناء اللہ  نے کہا ہے کہ راولپنڈی  واقعہ  صیہونیوں  اور ملک دشمن عناصر  کی ایک سازش ہے جو قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتے  تھے۔  پاکستان کے عوام  بالخصوص  راولپنڈی  کے شہریوں اور علماء نے پرامن  رہ کر ایسے عناصر  کے مذموم  عزائم کو ناکام  بنا دیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ  واقعہ  میں ملوث 28 ملزمان کی نشاندہی ہو گئی ہے اور ان میں سے 16 کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو  قانون نافذ کرنے  والے اداروں کی تحویل میں زیر تفتیش ہیں۔  رانا ثناء اللہ  نے کہا کہ شول  میڈیا پر اموات، زخمیوں اور فرقہ وارانہ نفرت پر مبنی  اپ لوڈ کیا جانے والا تمام  مواد جھوٹ کا پلندہ اور من گھڑت  اعداد و شمار پر مبنی ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء  اور رہنمائوں نے آج احتجاج کی کال  کے موقع پر پرامن رہنے  کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم انتظامیہ  اور حکومت کی طرف سے  جمعہ کی احتجاجی  کال کو پیش نظر رکھتے  ہوئے سکیورٹی کے فول پروف  انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔  راولپنڈی  کے واقعہ  میں ملوث ملزمان  کوانسداد  دہشت گردی  اور تحفظ  پاکستان ایکٹ  کے تحت کڑی  سزائیں دلوائی جائیں گی   اور مقدمات  کی سماعت جلد اور محدود  مدت  میں مکمل  ہوں گی۔ انہوں  نے کہا کہ واقعہ  میں ملوث ملزمان  جنہیں قرآن پاک  اور حدیثوں  کی کتب  کا بھی احترام نہیں اور جنہوں  نے مسجد اور مدرسہ  جلایا وہ  مسلمان کہلانے کے لائق نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن