ڈینگی سے لاہور میں ایک اور شخص جاں بحق، کراچی میں بچہ دم توڑ گیا
لاہور + کراچی (نیوز رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت) ڈینگی کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور لاہور میں ڈینگی کے باعث ایک اور نوجوان دم توڑ گیا ہے جبکہ کراچی میں بھی ڈینگی کے باعث 6 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ گزشتہ روز ڈینگی فیور کے باعث شادباغ کا رہائشی 35 سالہ عباس جو سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھا دم توڑ گیا جبکہ اسکے ساتھ ساتھ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 39 مزید کیسز سامنے آئے ہیں جسکے بعد مریضوں کی کل تعداد 2086 ہوگئی ہے۔ نئے آنے والے مریضوں میں 26 لاہور جبکہ راولپنڈی کے 13مریض شامل ہیں۔ ادھر اورنگی ٹائون کے رہائشی 6 سالہ بچے نے جمعرات کو مقامی ہسپتال مں دم توڑ دیا۔ ڈینگی وائرس سے شہر میں اب تک 23 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ جمعرات کو 17 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔