• news

ہنگو ڈرون حملے کا ”نامعلوم افراد“ کیخلاف مقدمہ‘ مضحکہ خیز اقدام ہے: اے این پی

ہنگو ڈرون حملے کا ”نامعلوم افراد“ کیخلاف مقدمہ‘ مضحکہ خیز اقدام ہے: اے این پی

ہنگو (ثناءنیوز + نوائے وقت رپورٹ) ہنگو کے علاقہ ٹل میں مدرسہ پر جمعرات کو ہونیوالے ڈرون حملے پر تھانہ ٹل میں ایس ایچ او تھانہ فرید خان اور حکومت کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز ٹل میں دینی مدرسہ پر میزائل داغے گئے جس میں 6 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے تھے جس پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر زیر دفعہ 302-3/ 4exp-sut- 427- 7ata کے تحت درج کرا دی گئی۔ کے پی کے میں ڈرون حملے کے خلاف مقدمہ کا اندراج انوکھا واقعہ ہے۔ دریں اثناءاے این پی کے ترجمان زاہد خان نے اپنے ردعمل میں ڈرون حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ کیا عمران خان معلوم نہیں کہ ڈرون حملہ کس نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان کیلئے بزدل خان کا لفظ صحیح استعمال کیا جاتا ہے۔ دریں اثناءایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہم اے این پی کے ردّعمل کی تائید کرتے ہیں، کیا تحریک انصاف کی خیبر پی کے حکومت کو معلوم نہیں ہے کہ ڈرون حملے پاکستانی علاقوں پر کون کررہا ہے، نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنا سنگین مذاق ہے۔
ڈرون حملہ مقدمہ

ای پیپر-دی نیشن