جونیئر ورلڈ ہاکی کپ کی تیاری ‘ پنلٹی کا رنر ‘ دفاع ‘ اٹیک کی ٹریننگ جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئندہ ماہ بھارت میں شیڈول جونیئر ورلڈ ہاکی کپ کی تیاری کے حوالے سے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جمعہ کے روز بھی جاری رہا ۔ کھلاڑیوں کو پنلٹی کارنر، پنلٹی شوٹ، دفاع اور اٹیک کی ٹریننگ پر زور دیا جا رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کی بھرپور پریکٹس مہیا کرنے کے لئے سینئر ٹیم کے ساتھ دو پریکٹس میچز کا اہتمام کیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کے مطابق جونیئر ورلڈکپ بھارت کے شہر نئی دہلی میں منعقد ہو رہا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ پاکستان جونیئر ٹیم کو میگا ایونٹ کی بھرپور تیاری کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں پاکستان جونیئر اور سینئر ٹیموں کے درمیان دو نمائشی میچ میاں محمد نواز شریف ہاکی سٹیڈیم جوہر ٹاؤن لاہور میں 29 اور 30 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔