• news

شہداء فائونڈیشن پاکستان کا ڈرون حملوں کیخلاف سپریم کورٹ جانیکا فیصلہ

اسلام آباد (ثناء نیوز) ہنگو میں مدرسے پر امریکی ڈرون حملہ انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ مدرسے پر امریکی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے معصوم طلبہ کا خون کسی طور پر بھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔ شہداء فائونڈیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکی ڈرون حملے رکوانے کے لئے ہر آپشن کو استعمال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے جلد پاکستان کے سرحدی حدود میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی۔ سپریم کورٹ سے استدعا کریں گے کہ پاکستانی حدود میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف شہداء فائونڈیشن آف پاکستان کی طرف سے دائر کی جانے والی پٹیشن کی سماعت کرنے کے لئے سپریم کورٹ کا فل کورٹ بنچ تشکیل دیا جائے۔ شہداء فائونڈیشن آف پاکستان سمجھتی ہے کہ ہنگو میں مدرسے پر امریکی ڈرون حملے کے بعد امریکہ کے خلاف جہاد کرنا پاکستانی مسلمانوں پر فرض ہوچکا ہے۔شہداء فائونڈیشن مسلح افواج سے مطالبہ کرتی ہے کہ جس کا ماٹو ایمان ،تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہے کہ وہ امریکہ کے خلاف علی الاعلان جہاد کا آغاز کردے۔ وفاقی وزیر داخلہ کی طرف سے امریکہ کے دوست نہ ہونے کے متعلق واضح بیان کے بعد امریکی سفیر کو پاکستان میں رہنے اور امریکی سفارت خانے کو پاکستان میں اب تک قائم رہنے کی اجازت دینا پاکستانی عوام کے ساتھ غداری ہے۔ شہداء فائونڈیشن آف پاکستان پاکستانی حکومت بالخصوص وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ کے ساتھ فوری طور پر سفارتی تعلقات کو منقطع کرتے ہوئے امریکی سفیر کو فوری طور پر پاکستان سے بے دخل کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کو پاکستان میں بند کردیں۔

ای پیپر-دی نیشن