پیپلزپارٹی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، کسی جماعت سے اتحاد نہیں کرینگے: وٹو
لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلزپارٹی پنجاب نے بلدیاتی انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز اجلاس کے بعد پارٹی کے صوبائی صدر میاں منظور احمد وٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں پر پیپلزپارٹی کو تحفظات ہیں، یونین کونسل کی تعداد بڑھنے سے پنجاب حکومت پر مزید اخراجات کا بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرایا جانا جمہوریت کی فتح ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت غیرجماعتی بنیادوں پر انتخابات کروا کر اپنی نااہلی چھپانا چاہتی تھی، مقصد بھی یہی تھا کہ جو بھی بلدیاتی انتخابات میں جو بھی جیتے گا دھونس اور دھاندلی سے اپنے ساتھ شامل کر لیں گے جس میں وہ ناکام ہو چکے۔ انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے، سبزیاں اور پھل عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں، میڈیسن کی 18 فیصد قیمتیں بڑھانے سے عام آدمی علاج معالجہ سے بھی محروم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت پر لوڈشیڈنگ اور ڈرون حملے ختم نہ کروانے کے الزامات عائد کرنے والوں نے خود حکومت میں آ کر کونسا تیر مار لیا ہے، پانچ ماہ میں نہ تو لوڈشیڈنگ ختم ہوئی اور نہ ہی ڈرون حملے رکوائے گئے بلکہ ملک میں لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بدامنی اور ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا ہے، یوم تاسیس کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اس دن کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور تجدید عہد کرےں گے کہ پیپلز پارٹی ملک و قوم کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ اس موقع پر سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پرویز مشرف کا ٹرائل 12اکتوبر سے کیا جائے کیونکہ 45 دن کے مارشل لاءکا تو آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کیا جا رہا ہے لیکن پرویز مشرف نے آٹھ سال حکومت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سارا ڈھونڈورا سانحہ راولپنڈی سے توجہ ہٹانے کے لئے کیا جا رہا ہے، ملک میں مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، دہشت گردی اور خودکشیوں کے واقعات میں کمی کی بجائے روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، موجودہ حکمران اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں اور عوام کو ریلیف دیں۔