• news

پاکستان ‘ افغانستان تعلقات میں بہتری کے لئے کوششوں کی حمایت کر تے ہیں : چین

بیجنگ + اسلام آباد (اے این این + اے پی پی) چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر اور اچھے تعلقات سے علاقائی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور ہم ان تعلقات کی بہتری کی تائید کرتے ہیں۔ عالمی برادری کو افغانستان کی تعمیرنو اور قیام امن کیلئے مدد کرنی چاہئے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان، روس، چین کے مذاکرات میں افغانستان کے بارے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے کردار کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں چین کے سفیر سن وائیدونگ نے کہا ہے کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو مغربی چین میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں اور ان دونوں کے تعلقات برابری کی بنیاد پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن