فرانسیسی کمپنی کی پاکستان میں میگا سولر پلانٹ لگانے میں گہری دلچسپی
فرانسیسی کمپنی کی پاکستان میں میگا سولر پلانٹ لگانے میں گہری دلچسپی
لاہور(کامرس رپورٹر) فرانسیسی سفارتخانے کے اکنامک سیکشن کے ہیڈ ایرک نوٹاکس نے کہا ہے کہ ایک بڑی فرانسیسی سولر کمپنی نے پاکستان میں میگا سولر پلانٹ لگانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ان خیالات کا اظاہر انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح، سابق سینئر نائب صدر عبدالباسط اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن ظفر محمود نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ایرک نوٹاکس نے کہا کہ فرانسیسی ڈونر ایجنسی کے ماتحت پارکو پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر پراجیکٹس کے لیے پندرہ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ وہ پنجاب کے چیمبرز کے نمائندوں پر مشتمل 80 رکنی وفد فرانس بھجوائے جس سے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے امکانات روشن ہونگے۔ اگر 2014ءکے شروع میں لاہور چیمبر وفد فرانس بھجواتا ہے تو جواباً اُسی سال کے وسط میں ایک فرانسیسی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر پیرس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ دیگر چیمبرز کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر میں ویڈیو کانفرنس شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر میں عالمی معیار کا ثالثی سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے جو تاجر برادری کے کاروباری تنازعات عدالت سے باہر نمٹاکر اُن کا وقت اور سرمایہ بچارہا ہے۔ واضع رہے کہ پاکستان فرانس کو برآمدات میں ٹیکسٹائل، ہوزری، بیڈ لینن، کارپٹ، چاول، لیدر مصنوعات شامل ہیں۔