• news
  • image

عمران کا دل طالبان تلوار امریکہ کے ساتھ ہے‘ پی ٹی آئی نیٹو سپلائی بند نہیں کریگی : پرویز رشید

عمران کا دل طالبان تلوار امریکہ کے ساتھ ہے‘ پی ٹی آئی نیٹو سپلائی بند نہیں کریگی : پرویز رشید

لاہور (لیڈی رپورٹر+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کا دل طالبان اور تلوار امریکہ کے ساتھ ہے۔ دعوے سے کہتا ہوں پی ٹی آئی نیٹو سپلائی بند نہیں کریگی، ڈرون حملوں پر تحریک انصاف کی پالیسی میں تضاد ہے۔ خیبر پی کے کی حکومت امریکہ سے ڈالر لیکر خاموش بیٹھی ہے۔ تحریک انصاف ڈرون حملوں کیخلاف احتجاج کرکے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے، ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت کیخلاف ہیں۔ مسلم لیگ نہ تو امریکہ سے لڑنا چاہتی ہے اور نہ ہی طالبان سے بلکہ دونوں سے بات چیت کے ذریعے مسئلہ کا حل چاہتی ہے۔ پاکستان اس وقت کسی بھی طرح کی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کو امن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ویمن میڈیا سنٹر کے زیراہتمام ” پوسٹ الیکشن رپورٹنگ“ کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کے آخری روز مختلف یونیورسٹیوں کی میڈیا سٹڈیز کی35 طالبات میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف سمیت کوئی بھی جماعت ڈورن حملوں پر احتجاج کا جمہوری حق رکھتی ہے لیکن ہمیں تحریک انصاف کی متضاد پالیسی پر شدید اعتراض ہے۔ نیٹو سپلائی روکنے کیلئے تحریک انصاف کے کارکن پشاور میں رنگ روڈ پر مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ خیبر پی کے حکومت مظاہرے میں شریک نہیں کیونکہ حکومت کو خیبر پی کے میں ترقیاتی کاموں کیلئے امریکہ سے 37 ارب روپے ملے ہیں۔ تحریک انصاف اس طرح کا احتجاج کرکے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے انہیں اگر ڈرون کے خلاف احتجاج کرنے یا نیٹو سپلائی روکنی ہے تو پہلے امریکہ کی امداد کو ٹھکرانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان کے دائیں اور بائیں ایک لاڈلہ اور ایک لاڈلی ہیں جو پرویز مشرف کے قریبی ساتھی تھے جنہوں نے پرویز مشرف کی حکومت پر لڈیاں ڈالی اور لڈو بانٹے جبکہ پاکستان میں ڈرون حملوں کی اجازت پرویز مشرف کے دور میں ہی ملی اگر ہمیں ڈرون سے نجات حاصل کرنا ہے تو ہمیں ان لوگوں سے بھی چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔کچھ غیر ملکی عناصر پاکستان کی سرزمین پر بیٹھ کر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں جو ہمارے بچوں کے قاتل ہیں اور فوجیوں کو بھی شہید کر رہے ہیں یہ بھی پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کوچیلنج کر رہے ہیں۔ ہمیں ان سے بھی چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ کسی کو بھی پاکستان کو اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ڈرون حملوں کو پہلے ہی مکمل سالمیت کے خلاف قرار دے چکی ہے، جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور امریکی انتظامیہ کے سامنے یہ مسئلہ اٹھا چکی ہے ہر انٹرنیشنل فورم پر اس پر بات کی۔ ہماری حکومت امریکہ سے ناطہ توڑ کر دشمنی نہیں لینا چاہتی بلکہ بات چیت کے ذریعے ہر مسئلہ کا حل چاہتی ہے۔ نیٹو میں 50ممالک شامل ہیں۔ ترکی جو ہمارا دوست ملک ہے وہ بھی اس میں شامل ہے تو کیا ہم ان ممالک سے بھی لڑائی چاہتے ہیں جو ناممکن ہے۔ مغرب میں 1954ءکے بعد لڑائی ختم ہو چکی ہے جبکہ ہمارے ہاں 1947ءسے لے کر اب تک کوئی دہائی ایسی نہیں گزری جب لڑائی نہ ہوئی ہو۔ ہمیں جنگ کے ماحول سے نکلنا ہو گا ہم نہ تو امریکہ اور نہ ہی طالبان سے لڑنا چاہتے ہیں بلکہ دونوں سے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کا حل چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں چلا گیا ہے اب قانون کو اپنا راستہ خود اختیار کرنا ہے کیونکہ ملک میں آزاد عدلیہ کام کر رہی ہے اب وہ وقت نہیں کہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا سکے۔ معاشرے میں جنس کی بنیاد پر تقسیم بہت زیادہ ہے جسے اب ختم ہو جانا چاہئے۔ پرویز رشید نے کہا کہ خدا کےلئے امرےکہ اور طالبان دونوں ہماری جان چھوڑ دےں‘ ہم مزےد ڈرون اور خودکش حملے برداشت نہےں کر سکتے‘ عمران خان آتش بازی کے کھلونوں سے نہ کھیلیں کیونکہ انسان خود بھی ان میں جل جاتا ہے‘ نیٹو سپلائی بند کرنے کا نعرہ لگانے والے عمران خان خطاب کے بعد پراڈو میں بیٹھ کر بنی گالا چلے گئے‘ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ تحریک انصاف نیٹو سپلائی بند نہیں کریگی‘ امریکی بجٹ سے چلنے والی خیبر پی کے کی حکومت امریکہ کے خلاف احتجاج کرتی ہے تو یہ منافقت نہیں تو اور کیا ہے؟ ہم ڈرون حملے بند کرا کے دم لینگے‘ شےخ رشےد احمد پرویز مشرف کو مرشد کہتے رہے وہ جو باتیں کر رہے ہیں ان کے منہ سے اچھے نہیں لگتےں‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سفارتی معاملات کو سڑکوں پر حل نہیں کرنا چاہتی‘ قومی اسمبلی کے باہر دھرنا کو جمہوری حق قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بڑی خوشی سے آئیں لیکن یہ نہ بھولیں کہ وہ جب یہاں آئیں گے تو خیبر پی کے اسمبلی کی اکثریت ان کے ساتھ نہیں ہوگی ‘وہ دھرنا کی سیاست کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال سکتے ہیں نہ ہی جذباتی کیفیت طاری کرکے عوام کو بیوقوف بنا سکتے ہیں۔ چودھری نثار کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے گھر کا معاملہ ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی اور ڈرون حملوں جیسے مسائل کا سامنا ہے دونوں کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ ڈرون حملے ہماری خود مختاری کے منافی ہیں، عوام بجا طور پر اس پر غصے میں ہیں دیگر مسائل کی طرح ڈرون کا مسئلہ بھی ہمیں ورثے میں ملا ہے اس مسئلہ کو سفارتی طور پر حل کرنا چاہئے یہی واحد راستہ ہے۔ ہم ڈرون حملے بند کرا کر دم لینگے۔ تقریب سے خطاب میں پرویز رشید نے کہا کہ خواتین کو تیز رفتاری سے تبدیل ہوتی ہوئی دنیا سے مقابلے اورمعاشرے میں باعزت مقام کے حصول کیلئے اپنی بہترین مثبت صلاحیتوںکا استعمال سیکھنا ہوگا اور رکاوٹوںکو عبور کرکے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آدھا سچ بولنا جھوٹ بولنے سے بری بات ہے۔ ایک صحافی کو ہمیشہ مکمل سچ بولنا چاہئے، بلکہ جو لکھنا ہے وہ سب کیلئے لکھنا ہے، اگر ہم سچ کیلئے اپنے کیمرے، قلم اور علم کا استعمال کرینگے تو زندگی میں کامیاب ہونگے۔ قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ویمن میڈیا سنٹر فوزیہ شاہین نے کہا کہ اس وقت کسی بھی شعبہ میں خواتین بااختیار نہیں ہیں بلکہ ان کو معمولی نمائندگی دی گئی ہے۔ پانچ روزہ ورکشاپ کے دوران ریسورس پرسنز آصف قاضی ، میمونہ سعید اور محمد فاروق نے شرکاءکو سکرپٹ رائٹنگ، انٹرویو، نیوزپیکج کی تیاری، خبرسازی، وائس اوور اور کیمرہ تکنیکوں سمیت مختلف مہارتوںکے حوالے سے تربیت دی۔ بعدازاں شرکاءمیں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔
پرویز رشید

epaper

ای پیپر-دی نیشن