نوجوانوں کو آسان قرضوں کیلئے پنجاب روزگار بینک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے : شہباز شریف
نوجوانوں کو آسان قرضوں کیلئے پنجاب روزگار بینک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے سماجی شعبے میں کام کرنیوالی بین الاقوامی این جی او اکیومن فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر جیکولین نووگریٹز نے گزشتہ روز ملاقات کی جس کے دوران پنجاب حکومت اور اکیومن فنڈ کے مابین سماجی شعبے میں بہتری لانے کیلئے اشتراکِ کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سماجی شعبہ کی بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ کم وسیلہ طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے جامع اور انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ صحت، توانائی، تعلیم اور ہاﺅسنگ کے شعبوں میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت 10 ارب روپے سے ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا پروگرام کامیابی سے چلا رہی ہے جس سے 50 ہزار سے زائد ہونہار اور کم وسیلہ طلبا و طالبات کے تعلیمی اخراجات ادا کئے جا رہے ہیں۔ اسکے علاوہ حکومت نے نوجوانوں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرضہ سکیم بھی شروع کی ہے جس سے 2 لاکھ سے زائد نوجوان مستفید ہو کر اپنے خاندان کی کفالت کر رہے ہیں اور ایسے قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد سے زائد ہے۔ حکومت نے صوبے میں پنجاب روزگار بینک کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے جس کے ذریعے نوجوانو ںکو آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں گے۔ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بھی ٹھوس حکمت عملی پر تیزی سے کام کررہی ہے۔ پنجاب میں ٹیوب ویلوں کو بائیوگیس سے چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس ضمن میں جرمن کمپنی سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے سولر ہوم سلوشن متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اکیومن فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر جیکولین نووگریٹز نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے صوبے میں سماجی شعبہ کی بہتری کیلئے انتہائی متاثر کن اقدامات اٹھائے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے کینیڈا کے ہائی کمشنر گریگ جاکس نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہے اور توانائی بحران سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان اور کینیڈا کے مابین باہمی تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، ہم ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی وفود کے باہمی تبادلوں میں اضافہ ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کینیڈین حکومت کی جانب سے جی ایس پی پلس پر پاکستان کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔کینیڈین ہائی کمشنر گریک جاکس نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مستحکم جمہوری نظام ہی عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کارگر ثابت ہوگا۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور غفلت کے باعث ملک و قوم کو توانائی بحران کا سامنا ہے تاہم موجودہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی توانائی کے حصول کیلئے انتہائی تیزرفتاری سے اقدامات اٹھائے ہیں۔ 480 ارب روپے کا گردشی قرضہ ادا کرنے سے لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے توانائی شعبہ کی چین کی معروف کمپنی چائنہ ویسٹرن پاور کے چیئرمین لی رن چاﺅ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز یہاں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ چائنہ ویسٹرن پاور کمپنی کے چیئرمین نے پنجاب میں کوئلے اور کوڑا کرکٹ سے توانائی کے منصوبے لگانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہباز شریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔گڈانی اور پورٹ قاسم پر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں بھی کوئلے، سولر، بائیوماس اور بائیوگیس سے توانائی کے حصول کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں 100، 100 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے جبکہ ساہیوال میں ایک ہزار میگاواٹ کول پاور پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ بہاولپور میں 11 ہزار ایکڑ اراضی پر قائداعظم سولر پارک قائم کیا جا رہا ہے۔ چائنہ ویسٹرن پاور کمپنی پنجاب میں کوئلے اور سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا جائزہ لے، ہرممکن سہولتیں اور مراعات فراہم کریں گے۔ چائنہ ویسٹرن پاو رکمپنی کے چیئرمین لی رن چاﺅ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے پاکستانی عوام کو بہت توقعات ہیں۔
شہبازشریف