شیخ رشید کی نوازشریف پر جملے بازی پر عمران کا اظہار ناپسندیدگی
پشاور (آئی این پی) ڈرون حملوں کیخلاف اور نیٹو سپلائی روکنے کیلئے تحریک انصاف کے دھرنے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم نوا زشریف کو نہ صرف شدید تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ ان کی ذات پر بھی جملے کسے ‘ سٹیج پر بیٹھے عمران خان نے اس پر ناگواری کا اظہار کیا، ان کی تقریر کے دوران مخدوم شاہ محمود قریشی اور جاوید ہاشمی کی طرف دیکھ کر شیخ رشید کی جملے بازی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے نظر آئے۔ نیٹو سپلائی روکنے کیلئے پشاور میں تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکاء سے خطاب میں عمران خان نے ماضی کے برعکس وزیر اعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے وقت ذاتی حملے نہیں کئے۔ وزیر اعظم کی پالیسیوں پر تنقید کی جبکہ شیخ رشید احمد واحد ایسے مقرر تھے جنہوں نے نہ صرف وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ ان کی ذات کے حوالے سے بھی ریمارکس دئیے۔ شیخ رشید احمد نے وہی انداز اپنایا جب وہ مسلم لیگ (ن) میں تھے تو نوازشریف کو خوش کرنے کیلئے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے بارے میں اپناتے تھے۔