شیخوپورہ سے گرفتار دہشت گرد کے انکشاف پر لاہور حساس قرار، القاعدہ رکن پکڑا گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شیخوپورہ سے گرفتار ہونے والے دہشت گرد کے انکشاف اور کراچی دھماکوں کے بعد لاہور کو انتہائی حساس قرار دیدیا ہے۔ معلوم ہوا ہے شیخوپورہ سے گرفتار ہونے والے دہشت گرد نے حساس اداروں کو تفتیش کے دوران انکشاف کیا اسکے دو ساتھی خود کش جیکٹ سمیت لاہور میں موجود ہیں۔ اس پر حساس اداروں اور پولیس نے دہشت گرد کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کی بھاری نفری نے سی سی پی او لاہور چودھری شفیق احمد کی ہدایت پر لاہور کے مختلف علاقوں اندورن شہر، مناواں، برکی، اقبال ٹائون، اسلام پورہ، شاہدرہ ٹائون و دیگر جگہوں پر سرچ آپریشن کے دوران 20 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کردی گئی ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق بنوں جیل توڑنے میں ملوث القاعدہ کا رکن کو گرفتار کرلیا گیا۔انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق اسے 4 روز قبل حراست میں لیا گیا۔حساس ادارے نے رائے ونڈ سے ملزم کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم کو خیبر پی کے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔