طالبان انسانیت دشمن ہیں، ڈالروں کی بھیک لینے والے ڈرون حملے بند نہیں کراسکتے: الطاف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں رہنما اعلان کریں، طالبان اور انکے ہمدرد انسانیت کے دشمن ہیں، طالبان بے گناہ انسانوں کا سفاکانہ قتل عام کرتے ہیں، احتجاج کی سیاست کرکے طالبان کے جرائم پر پردہ ڈالا جا رہا ہے، طالبان نے انچولی دھماکوں کی اعلانیہ ذمہ داری قبول کی۔ وزیراعظم، مذہبی و سیاسی جماعتیں طالبان کو انسانیت کا دشمن اور درندہ صفت قرار دیں، کسی بھی جماعت نے انچولی دھماکوں پر طالبان کیخلاف احتجاج نہیں کیا۔ وزیراعظم، وزیر داخلہ جھوٹ کی سیاست ختم کرکے قوم کو حقائق سے آگاہ کریں۔الطاف حسین نے نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی سمیت دیگر تنظیمی شعبوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نہ ڈرون حملے بند کرا سکتی ہے اور نہ ہی ڈرون گرانے کا حکم دے سکتی ہے۔ اگر حکومت اور فوج دھماکے، دہشت گردی نہ رکوا سکی تو عوام اپنے دفاع میں جہاد کا اعلان کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔ حکومت اور طالبان کی خیرخواہ جماعتیں قوم سے حملوں کے خلاف احتجاج کراتی ہیں۔ دوسری طرف حکومت فنڈ، امداد اور بھیک کی صورت میں امریکہ سے ڈالر بھی مانگتی ہے۔ ڈالرز کی خیرات مانگنے والوں میں خیبر پی کے حکومت بھی شامل ہے۔ بعض تجزیہ کار قتل عام کو جائز قرار دینے کی تاویلیں پیش کرتے ہیں، وہ قوم سے غداری کا ثبوت پیش کررہے ہیں۔ دھرنا دینے والوں کے قول و فعل میں تضاد ہے۔