پاکستان میں ترقی کیلئے علمائ، سیاستدان نواز شریف سے تعاون کریں: خطیب مسجد نبوی
مدینہ منورہ ( آئی این پی ) مسجد نبوی کے امام وخطیب شیخ علی بن عبد الرحمن الحذیفی نے کہا کہ پاکستان، وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ایک نئے دور میں داخل ہورہاہے۔نواز شریف ایک تجربہ کار اور جہاندیدہ سیاستدان ہیں، وہ سچے جذبے سے پاکستان کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس وقت ضرورت ہے کہ سیاستدان اور علماء کرام آگے بڑھ کر نواز شریف سے پاکستان کی ترقی اور کامرانی کیلئے تعاون کرکے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سعودی عرب کی قیادت اور علماء پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان سچائی پر مبنی تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کی قیادت نے ان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں بہترین کرار ادا کیا ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں اپنے دفتر میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے ۔ امام مسجد نبوی نے کہا کہ بر صغیر پاک و ہند میں اسلامہ تعلیمات کو فروغ دینے میں ان مدارس کا شاندار ماضی اور مثبت کردار رہا ہے اور اب پاکستان میں فرقہ واریت اور دہشت گردی ختم کرنے میں بھی وہ شاندار کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس کٹھن وقت میں علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے سعودی قیادت کے پاکستان کے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے شاہ سعود نے پاکستان کا دورہ کیا، اسکے بعد شاہ فیصل شہید کا تاریخی دورہ اور شاہ فہد بن عبد العزیز، خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور انکے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز، اگر دونوں ملکوں کے درمیان بہترین تعلقات نہ ہوتے تو یہ دورے نہ ہوتے۔انہوں نے پاکستان کے ساستدانوں سے بھی اپیل کی کہ اپنی اپنی پارٹیوں سے بالا تر ہو کر ملک کی ترقی اورپاکستانی عوام کی وحدت کیلئے وہ وزیر اعظم کی حمایت کریں۔