• news

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

سرینگر (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یوسف نقاش اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش اورمحمد احسن اونتو نے اسلام آباد کے علاقے ویری ناگ میں بٹہ گنڈ کے مقام پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سات لاکھ سے زائد فوجیوں کو تعینات کر کے ایک بڑے حراستی مرکز میں تبدیل کر دیا ہے اور وہ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی پرامن اور حق پر مبنی آواز کو دبانے کے لیے سنگین جرائم کر رہا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق دلانے کےلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔ محمد یوسف نقاش اور محمد احسن اونتوبٹہ گند کے علاقے میں 105 سالہ بیمار شہری پیر غلام نبی کے گھر بھی گئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
 بھارتی فوجیوں نے پیر غلا م نبی کو اپنے گھر کی دو خواتین ،بیٹوں اور دیگر اہلخانہ کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ انہیں تشدد کے بعد رہا کیا گیا لیکن انکا ایک بیٹا تاحال گرفتار ہے اور اہلخانہ کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں کہ اسے کہاں رکھا گیا ہے۔یا درہے کہ پیر غلام نبی کا ایک بیٹاچند برس قبل شہید ہو گیا تھا جبکہ جسمانی طور پر معذور ان کا ایک اور بیٹا گزشہ آٹھ برس سے بھارتی جیلوں میں بند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن