• news

مقبوضہ مغربی کنارے پرصہیونی فوج کا نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد ،متعدد زخمی

مقبوضہ مغربی کنارے پرصہیونی فوج کا نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد ،متعدد زخمی

غزہ (این این آئی)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مرکزی شہر رام اللہ اور اس کے مضافاتی علاقے البیر میں مقامی فلسطینی آبادی اور صہیونی فوج کے درمیان خون ریز تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے مکانوں کی چھتوں پر چڑھ کر پوزیشنیں سنبھالیں اور فلسطینی ریلیوں کو نشانہ بنا یا۔ تشدد کے مختلف واقعات میں کم سے کم ایک درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد رام اللہ اور البیرہ کے علاقوں میں فلسطینیوں نے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی، یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں کی اراضی اور املاک پر قبضے کے خلاف ریلیاں نکالیں۔ رام اللہ میں ایک ریلی اسرائیلی دیوار فاصل کی جانب بڑھ رہی تھی کہ اسے روکنے کےلئے اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے مکانوں کی چھتوں پر چڑھ گئی اور مکانوں کی چھتوں سے نہتے مظاہرین کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دشمن فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے ان پر ربڑ کی گولیاں اور اشک آور گیس کی شیلنگ بھی کی، جواب میں مظاہرین نے بھی قابض فوج پر پتھراﺅ کیا۔ رام اللہ کے نواحی علاقے النبی الصالح کالونی کے شہریوں نے مقامی پانی کے کنوئیں پر یہودیوں کے قبضے کےخلاف ریلی نکالی جس میں سینکڑوں افراد شریک تھے۔ شہریوں نے پانی کے کنوئیں کی جانب پرامن مارچ شروع کیا ہی تھا کہ قابض فوج کی جانب سے ان نہتے شہریوں پر اشک آور گیس کے گولوں کی بوچھاڑ کردی گئی۔ گیس کی شیلنگ سے درجنوں افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں کئی غیرملکی شہری، انسانی حقوق کے مندوبین اور صحافی بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن