مشرف کیخلاف کارروائی سے ملک میں جمہوریت ہمیشہ کیلئے محفوظ ہو جائیگی: طلال بگٹی
مشرف کیخلاف کارروائی سے ملک میں جمہوریت ہمیشہ کیلئے محفوظ ہو جائیگی: طلال بگٹی
لاہور (آئی این پی) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کےخلاف غداری کے تحت کارروائی سے ملک میں ہمیشہ کیلئے جمہوریت محفوظ ہو جائے گی۔ نواز شریف کی جرات مندانہ پالیسیاں ملک کے مستقبل کو محفوظ بنا رہی ہیں۔ امریکی ڈرون حملوں پر بھی وزیراعظم نواز شریف کو دو ٹوک موقف اختیار کرنا چاہئے اس کے بغیر ملک کی سالمیت اور خود مختاری کا تحفظ ممکن نہیں۔ ٹیلی فونک گفتگو میں طلال اکبر بگٹی نے کہا کہ پرویز مشرف نے پاکستان کے ساتھ جو کچھ کیا وہ ایک بھیانک تاریخ ہے اور اس کو انصاف اور قانون کے کٹہرے میں لانا نہ صرف وقت کی ضرورت بلکہ قومی امنگوں کی ترجمانی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ پرویز مشرف کےخلاف غداری کے تحت کارروائی سے ملک میں ہمیشہ کیلئے جمہوریت محفوظ ہو جائے گی اور آئندہ کسی ڈکٹیٹر کو جموریت پر شب خون مارنے اور آئین کو روندنے کی جرات نہیں ہو گی۔
طلال بگٹی