• news

کرکٹ میں بڑے قد کا فائدہ ہوا مشکل بھی ہے ۔ چیزیں چوری نہیں ہوتی ہیں۔ محمد عرفان

 لاہور+کراچی (این این آئی+اے پی پی) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عرفان نے کہا ہے کہ کرکٹ میں آکربڑے قد کا فائدہ ہوا ہے اور مشکل بھی ہے ۔ ایک انٹرویومیں محمد عرفان نے کہاکہ کرکٹ میں آکر انہیں اپنے سات فٹ ایک انچ کے قد کی وجہ سے جہاں فائدہ ہوا وہیں مشکل بھی پیش آتی ہے۔ کئی ہوٹلوں میں بڑے سائز کے بیڈ نہیں ہوتے جس کی وجہ سے ہوٹل کی انتظامیہ کو خصوصی بیڈ فراہم کرنا پڑتے ہیں۔ عرفان نے کہا کہ انہیں قد کی وجہ سے دنیا بھر میں لوگ جاننے لگے ہیں، قد کا فائدہ یہ بھی ہے کہ میری چیزیں چوری نہیں ہوتی ہیں۔ میرے جوتے کا سائز پندہ نمبر ہے۔ یہ سائز مشکل سے ملتا ہے اور کسی اور کھلاڑی کو اتنے بڑے جوتے نہیں آتے ہیں۔ اسی طرح میرے استعمال میں کئی ایسی اشیاء ہیں جو کسی اور کے استعمال میں نہیں آتی ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عرفان کو میڈیکل ٹیسٹ میں خطرناک انجری سے کلیئر قرار دیدیا گیا، ایک ہفتے کا آرام مکمل کرنے کے بعد وہ (کل)پیر سے لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کرینگے۔سری لنکا کیخلاف سیریز سے قبل پیسر نے ڈومیسٹک ٹی20 ایونٹ میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہرکیا ہے۔ محمد عرفان مسلسل کرکٹ کھیلنے کا بوجھ نہ سنبھال سکے اور جنوبی افریقہ سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران انجرڈ ہو گئے تھے، وہ ٹیم کیساتھ پروٹیز کے دیس بھی نہیں جا سکے، ہپ اسٹرین کے بعد انہیں طبی معائنے اور ایم آر آئی اسکین کیلئے دبئی میں ہی قیام کرنا پڑا،نتائج کے مطابق وہ کسی خطرناک انجری سے محفوظ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن