پی ایچ ایف انتخابات، اختر رسول صدر، رانا مجاہد سیکرٹری منتخب
لاہور (این این آئی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات میں چوہدری اختر رسول بلامقابلہ صدر اور رانا مجاہد بلامقابلہ سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ باقی عہدوں کے لئے پولنگ 25نومبر کو ہو گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری کے عہدے کے لئے چوہدری اختر رسول اور رانا مجاہد کے علاوہ کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرائے اور مقررہ ختم ہونے کے بعد چیف الیکشن کمشنر ارشد انصاری نے چوہدری اختر رسول کے بلامقابلہ صدر اور رانا مجاہد کے سیکرٹری منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ فیڈریشن کے باقی عہدوں کے لئے انتخابات 25نومبر کو ہوں گے۔ چوہدری اختر رسول نے کہا ہے کہ بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر خدا کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں۔ ہاکی کا کھیل میرے خون میں رچا بسا ہے اور ہاکی کے کھیل کو دوبارہ عروج پر لے جانے کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لائوں گا۔