• news

ون ڈے سیریز ۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا میچ آج کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا

کیپ ٹائون (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج نیولینڈز، کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 2 بجے شروع ہو گا۔ پاکستانی شاہین مصباح الحق کی قیادت میں میدان میں اتریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبدالرحمان، احمد شہزاد، انور علی، اسد شفیق، بلاول بھٹی، جنید خان، محمد حفیظ، ناصر جمشید، سعید اجمل، شاہد آفریدی، صہیب مقصود، سہیل تنویر، عمر اکمل اور عمر امین شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کی قیادت کے فرائض اے بی ڈی ولیئرز انجام دیں گے، ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کوک، جین پال ڈومنی، عمران طاہر، جیک کیلس، رائن میکلیرن، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، وین پارنل، ورنن فلینڈر، گریم سمتھ، ڈیل سٹین اور لونوابو سوٹسوبے شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جیک کیلس اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان گریم سمتھ بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان بھی ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پروٹیز کی ٹیم میں ریان مکلیرن کو آل راؤنڈر کی حیثیت سے شامل کیا جا سکتا ہے۔ قومی کرکٹ کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز برابر کرنے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ ون ڈے سیریز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہم پہلے بھی سخت محنت کر رہے تھے مگر قسمت ساتھ نہیں دے رہی تھی۔ پہلا ٹی ٹونٹی بھی جیت جاتے مگر بارش کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ون ڈے سیریز میں بھی کھلاڑیوں کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور مثبت کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن