• news

پنڈی بھٹیاں: پولیس مقابلہ، ڈی ایس پی معطل 7 بہنوں کا اکلوتا بھائی کانسٹیبل سپردخاک

حافظ آباد+ سکھیکی (نمائندہ نوا ئے وقت+ نامہ نگار) آئی جی پنجاب نے پولیس مقابلے کے دوران ناقص حکمت عملی کرنے پر ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں محمد اکرم کو معطل کر کے طاہر گجر کو نیا ڈی ایس پی تعینات کردیا۔ پولیس مقابلہ کے دوران پولیس ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کو شہید کرنیوالا ملزم حاجی سجاد 10 گھنٹے تک اکیلا پولیس سے لڑتا رہا لیکن  پولیس نے اپنے روایتی طریقہ کار کے مطابق اشتہاری ملزم حاجی سجاد عرف سمہ، اسکے بھائی اعجاز احمد سمیت پانچ ملزمان علی رضا، انتصار عرف سارو، فیصل عرف فیصلی کیخلاف زیردفعہ 302 اور 324 کے تحت مقدمہ درج کرلیا لیکن کوئی بھی ملزم گرفتا ر نہ ہوسکا۔ مزید برآں سکھیکی کے قریب گزشتہ روز ہونیوالے پولیس مقابلہ میں جاں بحق ہیڈ کانسٹیبل محمد اسلم کی نماز جنازہ سکھیکی کے محلہ نئی منڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سابق ایم پی اے سرفراز خان بھٹی، پولیس لائزن کمیٹی کے ضلعی چیئرمین حاجی محمد اقبال مانیکا، پولیس اہلکاروں اور علاقہ بھر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ محمد اسلم کو چوکی سکھیکی کے قبرستان میں پولیس اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ جنازہ کے بعد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ اس موقع پر ڈی پی او حافظ آباد زبیر دریشک بھی موجود تھے۔ محمد اسلم کو دفن کرنے کے بعد اسکی قبر پر بھی پولیس نے سلامی دی۔ محمد اسلم کا شمار پنجاب پولیس کے شیردل جوانوں میں ہوتا تھا اور اس نے اپنی سروس کے دوران متعدد جرائم پیشہ اور اشتہاری مجرمان کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ پولیس سے مقابلے پر آنیوالے متعدد بدنام جرائم پیشہ اور اشتہاری مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ محمد اسلم سات بہنوں کا اکلوتا بھائی اور تین بیٹیوں کا باپ تھا۔ محمد اسلم کی ہلاکت پر علاقہ بھر میں ماحول سوگوار ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن