بھارت ہزاروں دیواریں بنا کر بھی کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا: کشمیری قائدین
راولپنڈی (آن لائن) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرکے امیر و کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جرمنی کی دیوار برلن نہیں رہی ہے تو ہندوستان کو بھی یاد رکھنا ہوگا کہ کشمیریوںکے حذبہ آزاد ی کے سامنے اسکی تمام دیواریں ریت کی دیوار ثابت ہوںگی۔ کشمیریوںکو آر پار جانے سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ حکومت پاکستان اور عالمی ادارے اس کا سختی سے نوٹس لیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی خاموشی کی وجہ سے ہندوستان نے باڑ لگائی جس کی وجہ سے کشمیری خاندان تقسیم ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف ہندوستان دیواربرلن بنا کر پاکستان کی شہ رگ کاٹنے کی سازش کررہاہے اور دوسری طرف میاں نوازشریف ویزا پالیسی نرمی کی باتیںکررہے ہیں، اس سے وہ کشمیریوںکو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرکے سیکرٹری جنرل محمود الحسن چودھری نے کہاہے کہ ہندوستان ایک نہیں ہزار بھی دیوار برلن تعمیر کرلے، کشمیریوںکو غلام نہیں رکھ سکتا۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر شہاب الدین مدنی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر برلن طرز کی دیوار کی تعمیرکا ہندوستانی منصوبہ امن کی آشا پر زور دار طمانچہ ہے۔ ہندوستان کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے غاصبانہ و اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور اب کی بار ہندوستان خود کشمیریوں کو مسلح جدوجہد پر مجبور رہا ہے۔ کشمیری لائن آف کنٹرول کو نہیں مانتے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ برلن طرز کی دیوار کو قبول کریں گے؟