• news

پاکستانیوں کی دل آزاری پر معذرت خواہ ہوں، برطانوی اٹارنی جنرل نے متنازعہ بیان واپس لے لیا

لندن (آئی این پی) برطانیہ کے اٹارنی جنرل ڈومینیک گریو نے پاکستان کیخلاف نفرت انگیز بیان دینے پر پاکستانیوں سے معافی مانگ لی اور متنازعہ بیان واپس لے لیا ہے۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے اٹارنی جنرل ڈومینیک گریو نے کہا ہے اگر ان کے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی نے برطانیہ کی ترقی میں اہم کردار اداکیا۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کو ملک کی اقلیتی برادریوں میں بدعنوانی کے مسائل کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل برطانوی اٹارنی جنرل کے پاکستانیوں کو کرپشن سے جوڑنے کے بیان پر لیبر ارکان پارلیمنٹ کا شدید ردعمل سامنے آیا اور انہوں نے اٹارنی جنرل سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔اٹارنی جنرل ڈومینیک گریو نے برطانوی اخبار کو انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستانی برادری میں بدعنوانی کے مسائل ہیں اور سیاستدانوں کو اس کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی اور ارکان پارلیمنٹ کے شدید ردعمل کے بعد اٹارنی جنرل نے اپنا بیان واپس لے لیا۔ انہوں نے کہاکہ اگرانھوں نے یہ تاثردیاکہ پاکستانی کمیونٹی میں کوئی مسئلہ ہے تو وہ غلط تھے۔ اگر اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت چاہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی کمیونٹی نے برطانیہ کی ترقی میں اہم کردار اداکیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن