گلے میں ڈور پھرنے سے لاہور میں نوجوان، گوجرانوالہ میں تایا اور کمسن بھتیجا شدید زخمی
لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) دھاتی ڈور پھرنے سے لاہور میں نوجوان، گوجرانوالہ میں تایا اور کمسن بھتیجا زخمی ہو گئے۔ اسلام پورہ میں موٹر سائیکل سوار حسن مین بازار میں جا رہا تھا اسکے گلے اور ہاتھ میں ڈور پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ ادھر گوجرانوالہ کے نواحی گائوں کلیئر کا 40 سالہ بختیار اپنے سات سالہ بھتیجے عبد اللہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گھر واپس جا رہا تھا تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ جی ٹی روڈ فلائی اوور کے قریب کٹی پتنگ کی دھاتی ڈور دونوں کے چہرے پر پھر گئی۔ دونوں کو موقع پر پہنچنے والی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ یاد رہے پولیس نے ڈوریں فروخت کرنیوالے دکانداروں اور پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈائون کیا تھا مگر اب دوبارہ شہر بھر کے مختلف علاقوں میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی ہوتی دکھائی دے رہی ہے جبکہ شہری حلقوں کا کہنا ہے ضلعی انتظامیہ پتنگ بازی مکمل طور پر روکنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں۔