ڈرون حملے پاکستانی حکومت کی مرضی اور تعاون سے ہورہے ہیں۔ امریکی سینیٹر کا دعوی
نیویارک (آن لائن) امریکی ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ رکن فرینک پیلون نے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستانی حکومت کی مرضی اور تعاون سے ہورہے ہیں۔ ایڈیسن نیو جرسی کے نومنتخب میئر ٹام لینکی کے اعزاز میں مسلم کمیونٹی کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب کے دوران خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کانگرس مین فرینک پیلون نے کہا کہ ڈرون حملے اب تک انتہائی موثر ثابت ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا ہے۔ فرینک پیلون نے کہا کہ انہیں عوامی جذبات کا احساس ہے لیکن ایسے حملوں میں کوئی بھی عام آدمی نہیں مارا گیا بلکہ القاعدہ اور دوسرے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ حملے حکومت پاکستان کی مرضی‘ رضامندی اور تعاون سے کئے گئے۔ اس سے خودمختاری اور سلامتی متاثر نہیں ہوگی۔ پاکستانی اکثریت کو اس کا بخوبی علم ہے۔