پاکستان بھارت ڈی جی ایم اوز کی مجوزہ ملاقات پر متعلقہ حکام خاموش
اسلام آباد (قدسیہ اخلاق، دی نیشن رپورٹ) مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز کے واضح اشاروں کے باوجود پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے مابین ملاقات کے حوالے سے حکومتی سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کی ملاقات کے حوالے سے ملٹری حکام کے درمیان 19 نومبر کو رابطہ ہونے سے متعلق اشارے دیئے گئے تھے تاہم ملٹری آپریشنز چیفس کے مابین منگل کو ٹیلی فونک رابطے کے دوران اس حوالے سے کسی بھی قسم کی گفتگو زیر بحث نہیں آئی۔ اس حوالے سے نیشن ذرائع نے دفتر خارجہ سے رابطہ کیا تو دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس حوالے سے انہیں کچھ بھی علم نہیں جبکہ وزیر اطلاعات بھی اس معاملے پر خاموش ہیں۔