• news

نیب کے اعلیٰ افسران کا اجلاس آج ہوگا، صدارت ڈپٹی چیئرمین کریں گے

اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے اعلیٰ افسران کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی چیئرمین سعید احمد سنگانہ کی صدارت میں آج نیب ہیڈ کوارٹرز میں ہوگا جس میں امکان ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں این آئی سی ایل کیس کی تفتیش کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی جس میں دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ خود نیب کے چیئرمین کے خلاف بھی عدالت نے کارروائی کا حکم دیا ہے تاہم نیب ذرائع کا کہنا ہے کسی بھی تفیتش کا کوئی فیصلہ نیب اپنی تحقیقات کی روشنی میں کرے گی کیونکہ عدالت نے اپنے فیصلے میں صرف یہ کہا ہے کہ بادی النظر نے ان لوگوں کے خلاف تحقیقات کرنا ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ بات غلط ہے کہ تحقیقات کیلئے نیب کے چیئرمین کو اپنا عہدہ چھوڑنا ہوگا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اگر چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہیں تو یہ معاملہ ہی نئے چیئرمین کی آمد تک لٹک جائے گا۔ نیب آرڈیننس اور نیب میں ملازمتی قوعد و ضوابط کے مطابق چیئرمین اپنے عہدے پر رہتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لئے کسی کو بھی اپنے اختیارات دے سکتا ہے اور چیئرمین اس فیصلے سے چند روز قبل ہی اپنے اختیارات ڈپٹی چیئرمین کو دے چکے ہیں اس طرح ڈپٹی چیئرمین سعید احمد سنگانہ بڑے مقدمات کی تحقیقات بھی کراسکتے ہیں۔ دوسری جانب سابق چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی اور معروف قانون ساز عاصمہ جہانگیر سمیت دیگر قانون دان یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ سپریم کورٹ از خود نوٹس پر اس قسم کا فیصلہ نہیں دے سکتی کیونکہ یہ کوئی تحقیقاتی ادارہ نہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن