• news
  • image

پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا انتخابی عمل مکمل۔ رشید ملک صدر، خالد بشیر سیکرٹری منتخب

لاہور(سپورٹس رپورٹر) عدالتی احکامات کے بعد پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام لاہور کے مقامی ہوٹل میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کا انتخابی عمل مکمل ہو گیا جس میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان بریگیڈئر (ر) رشید علی ملک صدر، خالد بشیر سیکرٹری جبکہ دین محمد خزانچی کے عہدہ پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے الیکشن کمشن جن میں چودھری یعقوب، خاور شاہ، خلیل احمد، پائندہ ملک اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات کو مانیٹر کیا۔ اس موقع پر دیگر عہدوں پر منتخب ہونے والے افراد میں محمد افتخار منصور سینئر نائب صدر، امتیاز بٹ، عبدالناصر، ریاض شیروانی ایسوسی ایٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی جانب سے سلیکشن کمیٹی اور ریفری بورڈ کے ممبران کا بھی اعلان کیا گیا۔ سلیکشن کمیٹی میں آغا ارشد، مدود جعفری، اعجاز ملک، عمران افضل اور کرنل (ر) شجاعت علی رانا جبکہ ریفری بورڈ میں سراج الحق قریشی، محمد رشید، یعقوب قادری، طارق نواز، آصف اقبال، فقیر محمد اور احمد نواز شامل ہیں۔ نومنتخب صدر بریگیڈئر رشید ملک کا کہنا تھا کہ غیر قانونی فیڈریشن کے قیام سے گذشتہ 13 سال سے قومی کھیل کو نقصان پہنچ رہا تھا جس کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے سکول اور کالج کی سطح پر کوششیں کی جائیں گی۔ مجھے تمام منتخب ارکان کی مکمل حمایت اور تعاون درکار ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیڈریشن سے الحاق رکھنے والے تمام یونٹس جن میں آرمی، نیوی، ائرفورس، ریلویز اور واپڈا شامل ہیں کے ساتھ ملکر کھیل کی ترقی کے لیے کام کیا جائے گا۔ رشید ملک کا کہنا تھا کہ نیشنل بنک اور حبیب بنک کی باسکٹ بال ٹیموں کو دربارہ بحال کرنے کے لیے ان اداروں کے سربراہان سے بات کی جائے گی۔ آخر میں نو منتخب صدر نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے فیڈریشن کے صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہوا۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن