• news

ایشزسیریز برسبین ٹیسٹ : آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دیدی

برسبین (نیوز ایجنسیاں )ایشزسیریز کے پہلے ٹیسٹ  کے چوتھے روز آسٹریلیا نے انگلینڈ میں کھیلی گئی سابقہ ایشز سیریز میں ہونے والی شرمناک شکست کا بدلہ چکاتے ہوئے انگلینڈ کو 381 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی‘ انگلینڈ کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی آسٹریلین بائولروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ دوسری اننگز میں صرف 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ایلئر کک 65 رنز اور آئن بیل 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 295 اور دوسری میں 401 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 136 اور دوسری میں 179 رنزبنائے۔ مچل جانسن کو میچ میں مجموعی طور پر 9وکٹیں لے کر ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اتوار کو چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 2وکٹوں پر 24رنز سے دوبارہ شروع کی لیکن کپتان الیسٹر کک اور آئن بیل کے علاوہ کوئی دوسرا کھلاڑی آسٹریلوی بائولروں کا سامنا نہ کرسکا ‘ انگلینڈ کی آخری 5وکٹیں صرف 37رنز کے اندر گر گئیں۔ آسٹریلیا نے تیسرے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی اور اسے انگلینڈ پر مجموعی طو رپر 560 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی ‘ آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں ڈیوڈ وارنر نے 124 اور کپتان مائیکل کلارک کے 113 رنز بنائے تھے ۔ انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کی طر ف سے کامیابی کیلئے دیئے گئے اتنے بڑے ہدف کی وجہ سے شروع سے ہی دبائو میں اس وقت آگئی جب صرف 10رنز پر اس کے 2کھلاڑی آئوٹ ہوگئے اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی مستقل مزاجی کا مظاہرہ نہ کرسکا صرف کپتان کک نے 65 اور آئن بیل نے 32 رنز بنائے‘ آسٹریلیا کی طرف سے جانسن نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 اور ہیرس اور لیون نے 2,2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جانسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن