• news
  • image

ایران سے گیس معاہدے کی جزئیات طے کر رہے ہیں: دفتر خارجہ

ایران سے گیس معاہدے کی جزئیات طے کر رہے ہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد (اے این این) دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ ایران کا اپنے ایٹمی پروگرام پر 6 عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدہ مسئلے کے پرامن حل کی طرف بڑی پیشرفت ہے۔ ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جزئیات طے کی جارہی ہیں۔ ہمارا پہلے ہی موقف تھا کہ امریکی پابندیوں کا اطلاق اس منصوبے پر نہیں ہوتا۔ سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں اعزاز احمد چودھری نے کہا اگر ایران کے ایٹمی پروگرام پر کسی قسم کا کوئی ٹکراﺅ پیدا ہوتا ہے تو اسکے ہمارے خطے پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے کیونکہ ہمارا خطہ پہلے ہی بہت سے مسائل کا شکار ہے۔ پاکستان کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔ حالیہ معاہدہ معاملے کے پرامن حل کی طرف ایک قدم اور بہت بڑی مثبت پیشرفت ہے۔ پاکستان اور ایران برادر ملک ہیں ہم اپنے برادر ملک کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ ہم پہلے بھی یہ سمجھتے تھے کہ ایران پر امریکی پابندیوں کا اطلاق گیس پائپ لائن منصوبے پر نہیں ہوتا، بہرحال امریکہ کا اپنا بھی سیاسی وقانونی نقطہ نظر ہے۔ موجودہ حکومت نے دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبوں کو بھی میز پر رکھا ہوا ہے اور اس منصوبے کی جزئیات طے کرنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
ایران گیس

epaper

ای پیپر-دی نیشن