سندھ کے بلدیاتی نظام میں ترامیم کا فیصلہ، حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری
سندھ کے بلدیاتی نظام میں ترامیم کا فیصلہ، حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) سندھ حکومت نے بلدیاتی نظام میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا، مجوزہ ترامیم کے مطابق یونین کمیٹی اور یونین کونسلز کیلئے امیدوار پینل بناکر ایک انتخابی نشان پر الیکشن لڑ سکیں گے۔ آزاد امیدوار بھی پینل بناکر الیکشن لڑ سکیں گے اور آزاد امیدوار کامیابی کے تین دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کر سکیں گے، انفرادی حیثیت کی بجائے پینل کو انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا، بلدیاتی نظام میں ترامیم کیلئے گورنر سندھ آرڈیننس بھی جاری کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے گورنر سندھ کو بلدیاتی نظام میں ترامیم کی سفارشات بھجوا دیں۔ دریں اثناءسندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 267جبکہ یونین کونسلوں کی تعداد 1164ہو گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں یونین کمیٹیوں کی مجموعی تعداد 434اور میونسپل کارپوریشن کی تعداد 10، ڈسٹرکٹ کونسلز کی تعداد 23اور میونسپل کمیٹیوں کی تعداد 40ہو گی جبکہ صوبے میں ٹاﺅن کمیٹیوں کی تعداد 139ہو گی۔ ذرائع کے مطابق کراچی غربی میں 55 جنوبی میں 45، شرقی میں 66، وسطی میں 61اور ضلع ملیر میں 41کمیٹیاں ہوں گی۔