پنجاب حکومت مخیر حضرات کے تعاون سے 600 مدنی دستر خوان کھولے گی
پنجاب حکومت مخیر حضرات کے تعاون سے 600 مدنی دستر خوان کھولے گی
لاہور (ثناءنیوز) حکومت پنجاب نے غریبوں اور مسکینوں کوکھانا کھلانے کی فضیلت کے بارے میں قرآنی احکامات کی روشنی میں پنجاب کے تمام ضلعی صدر مقامات میں خدا ترس مخیر حضرات کے تعاون سے 600 ”مدنی دسترخوان“ کھولنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر قائم کی گئی کابینہ کمیٹی نے کم آمدنی والے مزدور پیشہ عام لوگوں اور بے وسیلہ افراد کو صرف 15روپے فی کس ادائیگی پر ایک وقت کا کھانا کھلانے کے لئے مختلف اداروں کے تیار کردہ تین ماڈلز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ حاجی نواز کی جانب سے پیش کردہ سستی روٹی فراہمی کے منصوبے کو سب سے زیادہ قابل عمل قرار دیا جس کے مطابق روزانہ ایک فرد کو تین روٹیوں، کالے چنے، سفید چنے، کڑی پکوڑا یا مکس سبزی میں سے کوئی ایک ڈش فراہم کرنے پر 30 روپے فی آدمی خرچ کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں سے 15روپے کھانا کھانے والا شخص ادا کرے گا ،10روپے فی کس خرچ مقامی مخیر حضرات اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سوشل رسپانسبلٹی فنڈ سے دیئے جائیں گے جبکہ حکومت پنجاب کو اس ماڈ ل کے تحت ہر نادار کو کھانا کھلانے کیلئے5روپے فی کس سبسڈی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں 600 مدنی دستر خوان کھولنے کی صورت میں ہر ماہ ہر ایک دستر خوان سے 5 ہزار لوگوں کو واجبی قیمت پر صاف ستھرا کھانا ملے گا جس کے لئے حکومت پنجاب کو ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی کے حساب سے سالانہ 12 کروڑ روپے فراہم کرنا ہوں گے۔ سالانہ 3 کروڑ 60 لاکھ نادار افراد کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔ اس ماڈل کے مطابق حکومت پنجاب مٹی سے بنے ہوئے تندوروں اور مکینیکل تندوروں کے مالکان کو درکار آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی کوئی سبسڈی فراہم نہیں کرے گی البتہ ہر مکینیکل تندور کو تین مدنی دسترخوانوں سے لنک کر دیا جائے گا۔
مدنی دستر خوان