ایام اسیری میں ایک لمحہ کیلئے بھی مقصد سے غافل نہیں رہا: غلام نبی فائی
واشنگٹن/ سری نگر (کے پی آئی) کشمیری رہنما و کشمیری امریکن کونسل کے سربراہ ڈاکٹر غلام نبی فائی امریکی عدالت کے حکم پر امریکی جیل سے رہا ہو کر گھر منتقل ہوگئے ہیں ،حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے غلام نبی فائی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں رہائی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فائی بیرونی دْنیا کشمیر کاز کے ایک بے لوث سفیر ہیں اور کشمیری قوم ان کی ان کوششوں اور کاوشوں کو سلام پیش کرتی ہے، جو وہ اس سلسلے میں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ غلام نبی فائی دوبارہ اپنی سرگرمیاں حسبِ سابقہ شروع کریں گے اور وہ اپنی قوم کے حق خودارادیت کے حصول کے مقدس مشن پر قائم رہیں گے۔ سری نگر میں حریت ترجمان کے مطابق علی گیلانی نے ڈاکٹر فائی کی خیروعافیت پوچھی اور جیل میں گزارے ایام سے متعلق بھی استفسارکیا، جس پر ڈاکٹر فائی نے انہیں بتایا کہ وہ جیل کے اندر بھی مطمئن تھے اور اس مرحلے سے ان کے حوصلوں کو نئی جلا مل گئی۔ وہ اسیری کے ایام کے دوران میں ایک لمحے کے لیے بھی اپنے مقصد سے غافل نہیں رہے اور انہوں نے وہاں بھی جو کچھ ممکن ہوسکا اپنے کاز کے لئے کیا اور وہ اب نئے سرے سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز شدومد سے کریں گے۔