کنٹرول لائن پر 10میٹر اونچی، 35فٹ چوڑی دیوار تعمیر ہو گی: بھارتی فوجی افسر
مقبوضہ جموں (آئی این پی) بھارتی فوج مقبوضہ جموں کے قریب پاکستان بھارت سرحد پر 10 میٹر اونچی اور 35 فٹ چوڑی دیوار تعمیر کریگی جس کا مقصد سرحد کے قریب مقیم افراد کو کشیدگی کے صور ت میں پاکستانی فورسز کی طرف سے ہونے والی فائرنگ سے محفوظ رکھنا ہے۔ گذشتہ روز ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سرحدی سکیورٹی فورسز مقبوضہ جموں فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل ایس ایس تومار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سرحدکے گرد رہائش پذیر افراد کو محفوظ بنانے کیلئے پشتہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پشتہ بندی 135 فٹ چوڑی اور 10 میٹر بلند ہوگی جو کٹھوعہ میں اکھنور سیکٹر پر تعمیر کی جائیگی۔ بی ایس ایف اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے رابطہ میں ہے اور جموں، سامبا اور کتھوعہ سیکٹر کے قریب 122 دیہات میں اراضی حاصل کی جائیگی۔ سرحد کے قریب صورتحال معمول پر ہے اور 29 اکتوبر کو ہونے والی فلیگ میٹنگ کے بعد حالات پرامن ہوگئے ہیں۔