• news

عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں مہنگا، اوگرا نے سمری تیار کر لی

  اسلام آباد/ سنگا پور (اے این این) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم دسمبرسے پٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کر لی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 85 پیسے، لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں90پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 29 پیسے اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں تین روپے فی لٹر اضافے  جبکہ پٹرول کی قیمت مستحکم رہنے کا امکان ہے، ادھر امریکہ سمیت چھ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر ابتدائی معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ قیمتوں میں رد و بدل کی سمری وزارت پٹرولیم  کو ارسال کی جائے گی۔  قیمتوں میں رد و بدل کی حتمی منظوری وزارت خزانہ دے گی جس کے بعد باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔اوگرا کی سمری منظور ہونے کی صورت میں پٹرول کی قیمت  میں  112 روپے 76 پیسے فی لٹر پر برقرار رہے گی جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی  لٹر قیمت 117 روپے 60 پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔ لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت 102 روپے14 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 108روپے 29 پیسے فی لٹر،  ہائی اوکٹین کی قیمت 144 روپے 23 پیسے فی لٹر ہو جائے گی۔ ادھر ایشیائی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، سنگاپور مرکنٹائل ایکسچینج میں نیویارک لائٹ سویٹ خام تیل کے جنوری کیلئے سودے اسی سینٹ کی کمی کے ساتھ چورانوے ڈالر فی بیرل اور برنٹ نارتھ سی خام تیل جنوری کے سودے دو ڈالر چالیس سینٹس کی کمی کے ساتھ ایک سو آٹھ ڈالر ساٹھ سینٹس فی بیرل میں فروخت ہوئے۔ پاکستان میں استعمال ہونے والے عرب لائٹ خام تیل کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے لئے ضروری ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید سات سے آٹھ ڈالر فی بیرل کمی ہو۔        

ای پیپر-دی نیشن