قائم علی شاہ، رحمان ملک، شرجیل میمن کی عشرت العباد سے ملاقات، بلدیاتی نظام پر مشورے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں نے گذشتہ شام گورنر سندھ عشرت العباد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، رحمان ملک، شرجیل میمن اور نثار کھوڑو نے شرکت کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، بلدیاتی نظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ اور پی پی کے رہنمائوں نے آئندہ کی ملاقات پر مشاورت کی گئی۔ دریں اثنا ایم کیو ایم نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات حلقہ بندیوں اور امن و امان سے متعلق پیپلزپارٹی سے مذاکرات اور مشاورت کیلئے 3رکنی کمیٹی بنا دی۔ گذشتہ روز عزیز آباد نائین زیرو سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میں ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر صغیر احمد اور کنور نوید جمیل شامل ہونگے۔ دریں اثناء کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر بلدیات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی شہر کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایم کیو ایم کو اعتماد میں لے کر چلیں گے۔ متحدہ ہماری اتحادی رہی ہے اور اس وقت ایم کیو ایم کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔ دریں اثناء پی پی کے رہنما رحمان ملک گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد رات گئے دبئی چلے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رحمان ملک دبئی میں آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور پی پی رہنمائوں کی گورنر سندھ سے ملاقات سے متعلق آگاہ کریں گے۔