• news

کراچی: میاں بیوی سمیت 5افراد کی ٹارگٹ کلنگ، 56جرائم پیشہ گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں پیر کو فائرنگ کے واقعات میں میاں بیوی سمیت 5 افراد ہلاک اور نوجوان لڑکی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ اتوارکو رات گئے فائرنگ سے مارے جانے والے کے ایم سی کے نابینا ملازم اور موٹر سائیکلوں کے شو روم کے مالک کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میںصنوبرکاٹیج کے قریب پیر کی صبح ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے موٹر سائیکل پر جانیوالے میاں بیوی کو اندھادھند فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا، دونوں کی شناخت 42 سالہ منیر حسین 38 سالہ رضیہ بی بی کے ناموں سے ہوئی۔ دونوں کے 6بچے تھے اور وہ خدا کی بستی میں رہتے تھے۔ منیر حسین راشد مہناس روڈ پر  واقع عسکری فور میں رہنے والے ریٹائرڈ کرنل کے پاس ڈرائیور تھا اس کی بیوی وہاں ہی کھانا پکانے کاکام کرتی تھی۔ پیر کی صبح دونوںکام پر جارہے تھے پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے 25خول ملے۔ ادھر اورنگی ٹائون میں پراچہ قبرستان کے قریب جھاڑیوں سے ایک 30 سالہ شخص کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا تاہم فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ا س کے علاوہ اورنگی ٹائون نمبر5 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان لڑکی 20 سالہ ثمرین زخمی ہوگئی جبکہ قائد آباد میں کالٹیکس پیٹرول پمپ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ45 سالہ عبداللطیف ولد عبدالشکور زخمی ہوگیا۔ دریں اثنا اتوار کی رات گئے لیاقت آباد میں شیش محل سٹاپ کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے کے ایم سی کا نابینا ملازم شہاب الدین جبکہ نارتھ کراچی میں فائرنگ سے موٹر سائیکلوں کے شوروم کے مالک محمد شاہد جاں بحق ہو گیا۔ دریں اثناء رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف حصوں میں ٹارگٹڈ کلرز سمیت 56سے زائد جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا۔ ان میں ٹارگٹ کلرز سہیل عرف سناٹا، کامران عرف کاما اور سرفراز بلوچ شامل ہیں جو 70سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔ ادھر کراچی پولیس نے مطلوب 289ملزموں کی فہرست پنجاب پولیس کے حوالے کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن