• news

پشاور: دھرنے میں تحریک انصاف کے کارکن لڑ پڑے‘ آج سے سرکاری طور پر نیٹو سپلائی بند کر دینگے: عمران

پشاور + مظفر گڑھ + لاہور (ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز + نوائے وقت رپورٹ) نیٹو سپلائی روکنے کیلئے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کا دھرنا چوتھے روز بھی حیات آباد ٹول پلازہ پر جاری رہا جبکہ عمران خان نے کہا ہے کہ آج سے نیٹو سپلائی سرکاری طور پر بند کریں گے۔ دھرنے کے دوران کارکن آپس میں لڑ پڑے، ہاتھا پائی کے بعد ایک کارکن نے ہوائی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بھگدڑ اور خوف و ہراس پھیل گیا تاہم دھرنے کے قائدین نے موقع پر پہنچ کر معاملے کو سنبھال لیا۔ فائرنگ کرنیوالے تحریک انصاف کے کارکن کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر پشتہ خرہ پولیس سٹیشن میں درج کی گئی۔ فائرنگ کرنیوالے تحریک انصاف کے کارکن لال محمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ مظاہرین نے پشاور کے علاقے خیبر آباد، چارسدہ، صوابی انٹر چینج اور خوشحال گڑھ میں مختلف سڑکوں کو بند کئے رکھا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں کی بندش تک نیٹو سپلائی بند رہے گی۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ٹول پلازہ کے قریب کرسیاں بچھا دیں اور افغانستان جانے اور آنیوالے کنٹینرز کے کاغذات کی چیکنگ کرتے رہے۔ ادھر مظفر گڑھ میں رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے بھی نیٹو سپلائی روکنے کیلئے ڈیرہ غازیخان بائی پاس پر دھرنا دیدیا۔ میڈیا سے گفتگو میں جمشید دستی نے کہا کہ انہوں نے امریکی جارحیت کے خلاف دھرنا دیا، ڈرون حملے ہر گز برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ ان حملوں میں معصوم بچوں اور نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ کارکن نیٹو کنٹینر کو دیکھتے ہی آگ لگا دیں۔ ملک امریکہ کی منڈی بن چکا ہے حکمرانوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ یہاں سے نیٹو سپلائی کی گاڑی گزار کر دکھائیں۔ اگر نیٹو کنٹینرز یہاں سے آگے گئے تو انہیں ہماری نعشوں پر سے گزرنا ہو گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ آج سے سرکاری طور پر نیٹو سپلائی بند کر رہے ہیں۔ نیٹو کنٹینرز کی بندش اس وقت تک رہے گی جب تک وفاقی حکومت کا ردعمل نہیں آتا۔ وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا ہم نیٹو کنٹینرز کی حفاظت نہیں کر سکتے۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کی بندش تک ملک میں امن ہو گا اور نہ ہی غیر ملکی سر مایہ کاری آئیگی۔ مسلم لیگ (ن) کو ڈرون حملوں کی بندش کیلئے قوم سے کیا جانیوالا وعدہ یاد دلاتے رہیں گے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے غیر ملکی مداخلت کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ تحریک انصاف کسی بھی صورت خیبر پی کے سے نیٹو سپلائی کو نہیں گزرنے دی۔ خیبر پی کے حکومت نیٹو کے ٹرکوں کی حفاظت نہیں کر سکتی، صوبائی حکومت نے وفاق کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) انتخابات سے پہلے نیٹو سپلائی بند کر نے کے نعرے لگاتی رہی ہے مگر اب ان کو وہ وعدے یاد نہیں ہے لیکن ہم انکو وہ وعدے یاد دلاتے رہیں گے۔ سی سی پی او پشاور اعجاز خان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی سرکاری طور پر روکنے کے ابھی احکامات موصول نہیں ہوئے۔ نیٹو سپلائی روکنے پر گذشتہ روز بھی دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ حکومت نے نیٹو سپلائی روکنے کا کہا تو قانون کے مطابق عملدرآمد کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن