قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی بھرتی کیلئے کمیٹی قائم
لاہور (آن لائن/آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اراکین سے مشاورت کے بعد کوچ کی تقرر کیلئے بحث کی جائے گی۔ اجلاس کی صدارت پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی جبکہ اراکین میں نوید اکرم چیمہ‘ شہریار خان‘ ظہیر عباس اور ہارون الرشید شامل ہوں گے۔ اجلاس میں کوچ سمیت کئی اہم فیصلوں کے بارے میں کمیٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے کوچنگ سٹاف کی بھرتی کیلئے کوچ تلاش کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا ،انتخاب عالم کی سربراہی میں کمیٹی ملکی وغیرملکی کوچز کی کارکردگی کے تناظر میں نئے کوچنگ سٹاف کی تقرری کیلئے اپنی سفارشات تیارکرے گی۔ پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے موجودہ کوچنگ سٹاف کی کارکردگی کو مایوس کن اور غیرتسلی بخش قراردیتے ہوئے نیا کوچنگ سٹاف بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں۔تجاویز کی روشنی میں بورڈ نے نئے کوچنگ سٹاف کی تقرری کیلئے کو چ تلاش کمیٹی قائم کی ہے جس کے سربراہ پی سی بی کے ڈائیریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں ظہیر عباس،ذاکر خان اورہارون رشیدشامل ہیں۔کمیٹی دوہفتوں میں ملکی وغیرملکی کوچز کی کارکردگی کے تناظر میں نئے کوچنگ سٹاف کی تقرری کیلئے اپنی سفارشات تیارکرے گی۔کمیٹی نجم سیٹھی کو الگ الگ کوچز یا ایک کوچ رکھنے کے حوالے سے تجاویز دے گی ۔کمیٹی ہیڈکوچ کیلئے 5نام دے گی جس میں سے کسی ایک کا نام نجم سیٹھی فائنل کریں گے ۔واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ملکی کوچ کیلئے وقاریونس، مدثرنذر،محسن حسن خان،عاقب جاوید،معین خان اور عامر سہیل میدان میں ہیں ۔