• news

فیصل بنک ٹی ٹونٹی ڈیپارٹمنل ٹورنامنٹ آج سے لاہور میں شروع ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فیصل بنک ٹی ٹونٹی ڈیپارٹمنل ٹورنامنٹ آج سے لاہور میں شروع ہوگا۔ افتتاحی روز پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔ جن میں سے دو میچ ایل سی سی اے گراونڈ میں جبکہ تین میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یو بی ایل اور سٹیٹ بنک کی ٹیموں کے درمیان میچ صبح ساڑھے 9 بجے ایل سی سی اے گراونڈ جبکہ اسی وقت دوسرا میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں نیشنل بنک اور پی ٹی وی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ دیگر میچز میں حبیب بنک کا مقابلہ واپڈا سے ایل سی سی اے گراونڈ میں، پی آئی اے اور کے آر ایل کا مقابلہ قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔ دن کا پانچواں اور آخری میچ زرعی ترقیاتی بنک اور سوئی گیس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں 11 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں کے آر ایل، نیشنل بنک، پی آئی اے، پی ٹی وی، سٹیٹ بنک پاکستان اور یو بی ایل جبکہ گروپ بی میں حبیب بنک، پورٹ قاسم، سوئی گیس، واپڈا اور زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل 2 جبکہ فائنل 3 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے لاہور پہنچنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنے کوچز کی نگرانی میں بھرپور پریکٹس میں حصہ لیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن