• news

گوجرانوالہ: بھتہ دینے سے انکار، ہوٹل مالک پر تشدد، منہ کالا کرکے بازار میں گھما دیا

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ میں بھتہ نہ دینے پر ہوٹل مالک کو تشدد کا نشانہ بنانے اور منہ کالا کرکے بازار میں گھمانے والے بااثر بھتہ خوروں کیخلاف تاجروں کا احتجاج، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ مین بازار سید پاک دھلے میں دال چاول لگانے والے عمران نامی دکاندار سے شیروبٹ بھتہ مانگتا تھا عمران نے ملزم کو بھتہ دینے سے انکار کیا۔ اسی رنجش پر گزشتہ روز شیرو اپنے ساتھی کے ہمراہ عمران کے ہو ٹل پر پہنچا ، تشدد کا نشانہ بنایا اور ہاتھ باندھ کر منہ کالا کر کے مین بازار میں گھماتے رہے۔ اہل علاقہ اور دکانداروں کے جمع ہوجانے پر ملزمان عمران کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ متاثرہ شخص کے مطابق پولیس کو بر وقت اطلاع دی گئی مگر تھانہ گرجاکھ سے کوئی بھی اہلکار موقع پرنہیں پہنچا جس پر اہل علاقہ اور تاجروں نے پولیس اور بھتہ خوروں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کامطالبہ کیا۔ متاثرہ شخص نے بتایاکہ بھتہ خوروں نے پہلے اسکے ایک بھائی کو قتل کیا ہے اور اب بھتہ نہ دینے پر قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ گرجاکھ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔

ای پیپر-دی نیشن