• news

3 ماہ سی این جی کی بندش کا فیصلہ غیر قانونی، احتجاج کریں گے: غیاث پراچہ

لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ وزارت پٹرولیم کی جانب سے موسم سرما میں تین ماہ کے لئے سی این جی کی مکمل بندش کا فیصلہ غیر قانونی، عوامی مفادات اور زمینی حقائق کے خلاف ہے جس کے خلاف ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ دسمبر جنوری اور فروری میں سی این جی کی مکمل بندش سے عوام اور سی این جی مالکان کے مصائب، افراط زر اور ماحولیاتی آلودگی جبکہ لاکھوں افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔ غیاث پراچہ نے ایک بیان میں کہا کہ ماضی میں کسی بھی حکومت نے تین ماہ تک سی این جی کی مسلسل بندش کا منصوبہ نہیں بنایا کیونکہ اس سے آئل امپورٹ بل اور تجارتی عدم توازن میں اضافہ جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر، روپے کی قدر اور حکومت کے محاصل میں کمی ہو گی۔ حکومت عوامی مفاد کے خلاف فیصلے کرنے کے بجائے گیس کے قانونی استعمال اور چوری کے سدباب کو یقینی بنائے۔ دوسرے ممالک سی این جی کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں جبکہ پاکستان میں اسے تباہ کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن