ایران کا عالمی طاقتوں سے معاہدہ مثبت قدم ہے: پاکستان
کویت سٹی +اسلام آباد ( خبر نگار خصو صی +آن لائن+عبدالشکورابی حسن سے) دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ ایران کا عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدہ ایک مثبت قدم ہے اور اس سے ایران کا ایٹمی مسئلہ پرامن طریقے سے حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سرکاری ریڈیو سے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس معاہدے کے پاکستان، ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اچھے اثرات پڑیں گے۔معاہدہ اسرائیل پر حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی پر ہوا۔ اس بات کا انکشاف ’’ تنظیم مبصرین اسلامی ‘‘ کے سفارتی ترجمان فیصل محمد نے کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان ہونیوالے دانشمندانہ معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا معاہدہ خطہ میں امن کیلئے مددگار ہو گا۔ فیصل محمد جو بین الا اقوامی تنازعات میں ثالثی کے عالمی ماہر بھی ہیں نے بتایا کہ اس معاہدے کے بعد ایران کو چاہئے کہ وہ علاقے میں سیاسی کردار ادا کرنے کے بجائے خود کو اقتصادی اور دفاعی طور پر مستحکم کرے ۔