آرمی چیف کا تقرر بغیر کسی سفارش کے میرٹ پر ہوا: نوازشریف
اسلام آباد (اے این این + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کا تقرر بغیر کسی سفارش کے میرٹ پر ہوا ہے، جنرل کیانی کے بھیجے گئے 5 ناموں میں سے راحیل شریف کا انتخاب ٹاپ پروفیشنل دیکھ کر کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے پنجاب ہائوس میں وفاقی وزرا نے ملاقات کی اور انہیں نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے تقرر پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے اعلیٰ عسکری تقرریوں کے معاملے پر وفاقی وزرا اور پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا۔ پارٹی رہنمائوں نے وزیراعظم کے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز جنرلز کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں کسی شک و شبہ سے بالاتر ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا جس میں نامزد آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سمیت 60 شخصیات نے شرکت کی، وزیراعظم نے سبکدوش ہونے والے فوجی سربراہ کی خدمات کو سراہا اور نئی قیادت کو مبارک بادی پیش کی ۔ تقریب میں شرکت کیلئے سب سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور سب سے آخر میں جنرل اشفاق پرویز کیانی تشریف لائے۔ الوداعی عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی دفاع وطن کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے ملکی دفاع اور جمہوریت کے استحکام کیلئے احسن کردار ادا کیا ہے، ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پوری قوم مسلح افواج اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن کے دفاع اور ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ نواز شریف نے نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاک فوج اور ملک کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دینگے۔