سبکدوش ہونیوالے آرمی چیف جنرل کیانی کو ملکی تاریخ میں کئی منفرد اعزاز حاصل ہوئے
لاہور (این این آئی) مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد سبکدوش ہونیوالے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو ملکی تاریخ میں کئی منفرد اعزاز بھی حاصل ہوئے ،پانچ وزرائے اعظم کے ساتھ کام کرنے کا منفرد اعزاز بھی انہیں ہی حاصل ہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی پاک فوج کے ایسے پروفیشنل سپاہی ہیں جو کئی منفرد اعزازات کے حا مل ہیں،وہ پاکستان کی طاقتور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ رہے۔ اس حیثیت میں انہوں نے مارچ 2007 میں موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری کے خلاف مشرف کی تیار کردہ چارج شیٹ اور ریفرنس پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا۔وہ آئی ایس آئی چیف سے آرمی چیف بننے والے بھی پہلے پاکستانی جنرل ہیں۔ اس طرح مدت ملازمت کی پہلی ٹرم کی تکمیل سے کئی ماہ قبل ہی ایک مکمل ٹرم کی تو سیع حاصل کرنے والے بھی پہلے آرمی چیف ہیں اور دو ماہ قبل ہی بغیر کسی دبائو اور مطالبے کے عہدہ چھوڑنے اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے بھی پہلے فوجی سربراہ ہیں۔ انہیں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ پانچ وزرائے اعظم محمد سومرو، سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز میر ہزار خان کھوسو اور میاں محمد نوازشریف کے ساتھ بطور آرمی چیف کام کرنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔