کراچی آپریشن میں گرفتار 9 ہزار ملزم جیلوں میں نہیں: منظور وسان
کراچی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر جیل خانہ جات منظور وسان نے کراچی آپریشن میں گرفتار 9 ہزار ملزموں کے جیلوں میں نہ ہونے کا اعتراف کر لیا۔ وہ منگل کو اپنے دفترمیں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ منظور وسان نے کہا کہ 5 ہزار قیدیوں میں سے 41 ملزموں کے نام درست نہیں ہیں پولیس نے غلط نام دئیے جن کی نادرا کے ذریعے تحقیقات کی جائے گی۔ مزید برآں سندھ کی جیلوں میں جعلی قیدیوں کے انکشاف پر وزیر جیل خانہ جات منظور وسان کی ہدایت پر 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل کراچی میں 41 جعلی قیدیوں کے انکشاف پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ کمیٹی میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈی آئی جی خواجہ اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل میرانشاہ شامل ہیں۔ جعلی قیدیوں میں 2 سزا یافتہ ہیں جبکہ 7 کی ضمانت ہو چکی ہے۔ جعلی قیدیوں میں کئی انسداد دہشت گردی کی دفعات کے الزام میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیر جیل خانہ جات کے مطابق جعلی قیدیوں کے معاملے میں جیل عملہ ملوث ہوا تو سخت کا رروائی کرینگے۔