• news

طالبان سے مذاکرات کیلئے عمائدین سے رابطے مکمل، آج گرینڈ جرگہ ہوگا

اسلام آباد + لاہور (ثنا نیوز+ خصوصی نامہ نگار) طالبان سے مذاکرات کی بحالی کیلئے قبائلی عمائدین سے رابطے مکمل کر لئے گئے ہیں۔ شراکت داروں کے اعتماد کی بحالی سے متعلق ممکنہ اقدامات پر مشاورت کیلئے آج جمعرات کو گرینڈ قبائلی جرگہ ہوگا۔ نئی کوششوں کو وفاقی حکومت کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ مذاکراتی عمل کی بحالی کیلئے غیر متنازعہ ممتاز قبائلی عمائدین کے اثرورسوخ کو استعمال اور کمیٹی میں تمام قبائلی ایجنسیوں سے نمائندہ عمائدین کو شامل کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق جرگہ میں 50 سے زائد قبائلی عمائدین شامل ہیں ان کو وفاقی حکومت اور گورنر خیبر پی کے کا بھی اعتماد حاصل ہے۔ آج جرگہ میں مذاکراتی عمل کی بحالی کیلئے مختلف آپشنز پر غور ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی جرگہ میں بلایا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق قبائلی جرگہ کی کامیابی کیلئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سرگرم ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف سے بھی اس بارے میں بات کی گئی ہے۔ جرگہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں ہوگا۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی دعوت پر قبائلی جرگہ آج پشاور میں طلب کیا گیا ہے جس میں ملک سے بدامنی کے خاتمے اور طالبان سے مذاکرات سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے جبکہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے اسلام آباد میں 29 نومبر کو مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ مرکزی میڈیا سیل کے مطابق یہ باتیں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ ہنگو میں مدرسہ پر ڈرون حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پشاور میں قبائلی جرگہ میں قیام امن کیلئے مصالحت اور مفاہمت کا راستہ اپنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن