جنرل کیانی کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور فہم و فراست قابل اطمینان رہیں: گیلپ سروے
اسلام آباد (آئی این پی) پاک فوج میں 40 سال تک خدمات سرانجام دے کر سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی پیشہ وارانہ کارکردگی‘ ملکی صورتحال پر گرفت سمیت بین الاقوامی معاملات میں فہم و فراست دکھانے کے معاملے پر پاکستانی عوام نے اطمینان کا اظہار کردیا۔ گیلپ سروے کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جو مخلصانہ کوششیں کیں ان پر 26 فیصد افراد بہت زیادہ مطمئن جبکہ 43 فیصد رائے کنندگان کسی حد تک مطمئن نظر آئے‘ صرف 9 فیصد غیر مطمئن جبکہ 18 فیصد افراد کسی حد تک غیر مطمئن نظر آئے جبکہ ایک فیصد نے کوئی جواب نہ دیا ۔ گیلپ سروے میں ایبٹ آباد واقعہ کے بعد فوج میں پیدا ہونے والی صورتحال میں جنرل کیانی کی کارکردگی سے متعلق سوال پر 69 فیصد لوگ بہت زیادہ مطمئن نظر آئے جبکہ 45 فیصد لوگ کسی حد تک مطمئن نظر آئے 8فیصد رائے کنندگان بہت زیادہ غیر مطمئن جبکہ 22فیصد لوگ کسی حد تک غیر مطمئن نظر آئے جبکہ ایک فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔ پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے جنرل کیانی کے کردار پر 64 فیصد لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ 36 فیصد لوگوں کے مطابق جنرل کیانی نے پاکستان ،بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ گیلپ سروے کے مطابق پاکستان امریکہ تعلقات میں بہتری کیلئے 63 فیصد عوام نے جنرل کیانی کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے سراہا جبکہ 36 فیصد عوام کے مطابق جنرل کیانی نے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور ایک فیصد لوگوں نے کوئی رائے نہیں دی ۔مجموعی طور پر گیلپ سروے میں پاکستانی عوام نے جنرل کیانی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔