• news

تحریک انصاف کی اسلام آباد میں سی آئی اے کے سٹیشن ہیڈ کا نام ہنگو حملے کی ایف آئی آر میں شامل کرنے کی ہدایت، ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ

اسلام آباد(آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے ہنگو میں امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والے چار پاکستانی شہریوں کے نام جاری کرتے ہوئے ایس ایچ او ہنگو کو سی آئی اے کے اسلام آباد میں سٹیشن ہیڈ گریگ اوستھ اور سی آئی اے کے امریکہ میں ڈائریکٹر جان برینن کے نام ڈرون حملوں کیخلاف درج ایف آئی آر میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گریگ اوستھ کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہوسکیں۔ انکے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا کہ ہنگو ڈرون حملے میں چار پاکستانی شہری شہید ہوئے۔ ڈرون حملوں کیخلاف ابتدائی ایف آئی آر میں معلومات نہ ہونے کی وجہ سے کسی کو نامزد نہیں کیا گیا اب ہم نے معلومات اکٹھی کرلی ہیں کہ اس حملے میں سی آئی اے اسلام آباد کے چیف اور ڈائریکٹر سی آئی اے ملوث ہیں۔ ان دونوں ملزموں کو ایف آئی آر می نامزد کرنے کیلئے میری طرف سے ایس ایچ او ہنگو کو خط جاری کردیا گیا ہے جو  (آج) جمعرات کو انہیں مل جائیگا۔ ہنگو میں ہونے والے امریکی حملے میں کل چھ افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں سے چار پاکستانی ہیں جبکہ دو کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ افعانی ہیں۔ ہم نے بڑی تحقیق کے بعد جاں بحق ہونے والے چار پاکستانیوں کے نام حاصل کرلئے ہیں جن میں حمیدالرحمن‘ عبداللہ‘ کریم خان اور عبدالمنان شامل ہیں۔  حملے میں زخمی ہونیوالے 8طلباء تک بھی رسائی حاصل کرلی ہے اور وہ طلباء (آج) 28 نومبر کو ایس ایچ او ہنگو کے پاس پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔ ترجمان امریکی سفارتخانہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان سے متعلق آگاہ ہیں۔ مبینہ آپریشنل ایشوز پر بات نہیں کرسکتے۔ پاکستان کے ساتھ ہمارے اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن