جنرل راشد محمود ہلال امتیاز ملٹری کے حامل، 75ء میں کمشن حاصل کیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے نامزد چیئرمین جنرل راشد محمود ہلال امتیاز ملٹری کے حامل ہیں۔ انہوں نے مئی 1975ء میں بلوچ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ بعد ازاں فرانس میں کمپنی کمانڈر کورس میں شرکت کی۔ راشد محمود کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کینیڈا اور نیشنل ڈیفنس کالج اسلام آباد کے گریجوایٹ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکشنل تقرریوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اکستان ملٹری اکیڈمی میں پلاٹون کمانڈر، بریگیڈ میجر انفنٹری بریگڈ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس کالج میں انسٹرکٹرکی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ بہاولپور کور کے چیف آف سٹاف اور سابق صدر رفیق تارڑ کے ملٹری سیکرٹری رہ چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل راشد نے دو انفنٹری بٹالینز، دو انفنٹری بریگیڈز، کانگو میں اقوام متحدہ کے دستہ، جہلم میں انفنٹری ڈویژن کی کمان کی۔ انٹر سروسز انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل رہے۔ انہوں نے کور کمانڈر لاہور کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جنوری 2013ء میں چیف آف جنرل سٹاف کا عہدہ سنبھالا۔